سری نگر// وادی کشمیر میں دو روزہ ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے بعد پیر کو معمولات زندگی بحال ہو کر بازاروں میں رونق لوٹ آئی۔دریں اثنا جموں و کشمیر انتظامیہ نے اتوار کی شام کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہونے کے پیش نظر یونین ٹریٹری میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا ہے تاہم یونین ٹریٹری میں شبانہ کرفیو مسلسل جا ری رہے گا۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے بازاروں میں تمام دکان کھل گئے ہیں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی بحال ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی بحال ہوگئی ہے۔موصوف نامہ نگار کا کہنا تھا کہ دکانداروں نے دکانوں پر سنیٹائزیشن کے بھر پور انتظامات رکھے ہیں اور خود بھی ماسک لگا رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں تمام لوگوں کو ماسک لگائے دیکھا گیا اور گاڑیوں میں بھی ڈرائیور حضرات اور مسافر ماسک لگائے ہوئے سفر کر رہے تھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی پیر کے روز معمولات زندگی بحال ہوگئے اور بازار کھل گئے اور ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بحال ہوگئی۔قابل ذکر ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں گذشتہ ماہ ویک اینڈ لاک نافذ کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔یہ ویک اینڈ لاک ڈاؤن 64 گھنٹوں پر محیط تھا جو جمعے کے دو بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح چھ بجے اختتام پذیر ہوجاتا تھا۔انتظامیہ نے کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہونے کے پیش نظر ویک اینڈ لاک ڈاؤن میں گذشتہ ہفتے سات گھنٹوں کی تخفیف کی تھی جبکہ گذشتہ شام اس کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا گیا۔