غازی پور/ اُترپردیش//انفو//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج رین بو ماڈرن سکول غازی پورمیں ’’ جامع ترقی میں شہریوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں ملک کی ترقی میں جن بھاگیداری کے اہم شراکت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا،’’ شہریوں کی شرکت کلی ، جامع ترقی اور معاشرے کے لئے ایک نئے مستقبل کی تشکیل کے لئے ضروری ہے۔ فعال شہری حکومت اور سماج کے درمیان تعلق کو مضبوط کرتا ہے اور اِس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اِقتصادی ترقی کے فوائد تمام طبقوں تک پہنچیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور فرائض اور ذمہ داریوں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے کہا،’’یہ یقینی بنانا ہماری اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ سماج کے کمزور طبقے کو سماجی اِنصاف اور مساوات حاصل ہو اور 2047 ء تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے خواب کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان ایک عالمی اِقتصادی طاقت کے طور پر اُبھر رہا ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہر شہری اَپنے فرائض اَدا کرے اور قوم کی تعمیر میں اَپنا حصہ اَدا کرے۔اُنہوں نے قوم کی تعمیر کے مشترکہ عزم پر زور دیا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ 21 ویں صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کے لئے لگن کے ساتھ کام کریں۔