جموں//انفو//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج شری امرناتھ جی یاترا ۔2024ء کے لئے کئے گئے ہیلتھ کیئر کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کے لئے مربوط طبی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے شری امرناتھ شرائن بورڈ ، محکمہ صحت اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔سیکرٹری موصوف نے اَفسروںکو ہدایت دی کہ یاترا شروع ہونے سے پہلے تمام ضروری اِنتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ اُنہوں نے یاترا روٹ کے ساتھ قائم تمام صحت مراکز پر پورٹیبل اور فکسڈ آکسیجن کی فراہمی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو ہدایت دی کہ او این جی سی کے ذریعے 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام میں تیزی لائی جائے اور ہسپتال کے لئے ضروری ریسورس پرسنوں کااِنتظام کیا جائے۔ اُنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ یاتریوں کے لئے تمام ضروری اَدویات اور طبی آلات آسانی سے دستیاب ہوں۔سیکرٹری نے یاتریوں کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ اور پریشانی سے پاک یاترا کے تجربے کی سہولیت فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ تمام صحت اِداروں بالخصوص یاترا روٹ کے ساتھ شاہراہوں اور اہم مقامات پر مطلوبہ طبی عملہ آسانی سے دستیاب ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے تمام سطحوں پر فوری اور قابلِ اعتماد ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی عمل آوری پر زور دیا اوراَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ یاترا روٹ پر ایمبولینسوں کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے یاترا کے دوران 102 اور 108 ایمبولینس سسٹم کو الرٹ رکھنے کو کہا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے یاترا کے لئے منصوبہ بند ہیلتھ کیئر کے اِنتظامات کا جائزہ پیش کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کل 55 طبی مراکز قائم کئے جائیں گے جن میں بال تل اور چندن واڑی میں 100 بستروں والے 6 بیس ہسپتال، 11 طبی امدادی مراکز، 12 ایمرجنسی امدادی مراکز، 26 آکسیجن بوتھ اور 15 آن روٹ سہولیات شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 17 آن روٹ سہولیات کو سٹینڈ بائی پر رکھا جائے گا۔اُنہوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ انہوں نے یاترا کے لئے کل 1,415 ہیلتھ کیئر سٹاف کو تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں 173 ماہرین، 244 میڈیکل اَفسران اور 998 پیرا میڈیکس شامل ہیں۔ ان میں سے 754 جموں و کشمیر سے حاصل کئے جائیں گے اور 661 کی درخواست مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبودسے کی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، جموں (نوڈل آفیسر برائے امرناتھ یاترا جموں ڈویژن) نے لکھن پور سے بانہال تک یاترا کے راستوں پر طبی اِنتظامات کی تفصیلات فراہم کیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ یاترا کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 15 ایمرجنسی روم بنائے جائیں گے، لکھن پور سے لمبر گراؤنڈ بانہال تک یاتریوں کو طبی خدمات کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 53 صحت مراکز تیار ہوں گے۔ میٹنگ میں محکمہ صحت وطبی تعلیم کے سینئر اَفسران، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی سائوتھ کشمیر اور جموں و کشمیر کے چیف میڈیکل اَفسران نے شرکت کی۔