سرینگر//سرکاری محکمے میں تعینات ہونے والے فرد کو 15 سال کی عمر سے تعلیمی تفصیلات، پچھلے پانچ سالوں میں استعمال ہونے والے موبائل نمبر، سسرال والوں کی معلومات اور قرضوں کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ڈویژن کمشنر نے تمام ضلع کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ 2018سے سرکاری دفتروںمیں تعینات ملازمین کی سی آئی ڈی جانچ کو یقینی بنائیں۔ ڈویژنل انتظامیہ نے کشمیر صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مئی 2018 کے بعد تعینات ملازمین کی سی آئی ڈی جانچ کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر پنڈورانگ پولے نے کشمیر ڈویژن کے تمام 10 ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر حکومت کی ہدایات کے مطابق نئے تقرریوں کی سی آئی ڈی ویری فکیشن کو یقینی بنائیں۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق انہوں نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مئی 2018 کے بعد کام کرنے والے ملازمین کے سلسلے میں تصدیق کی جائے جیسا کہ حکومت نے ہدایت کی ہے۔ ایک سینئر اہلکار نے اس پیشرفت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے سروس رولز میں ترمیم کی ہے جس میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ جو لوگ سرکاری خدمات میں شامل ہوتے ہیں، ان کی اسناد کی تصدیق پولیس کے کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ سے کی جائے گی۔حکومت نے گزشتہ چند سالوں میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے متعدد ملازمین کی خدمات ختم کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق، سروس کے قواعد میں ترمیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے کہ نئے تقرریوں کی تصدیق پہلے سے کی جائے۔قاعدے کے مطابق سرکاری محکمے میں تعینات ہونے والے فرد کو 15 سال کی عمر سے تعلیمی تفصیلات، پچھلے پانچ سالوں میں استعمال ہونے والے موبائل نمبر، سسرال والوں کی معلومات اور قرضوں کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ان تفصیلات کی تصدیق سی آئی ڈی ڈیپارٹمنٹ آف پولیس کرے گی۔ایسا کرنے میں ناکامی کی صورت میں، امیدوار اپنے تقرری کے حق سے دستبردار ہو جائیں گے۔ پہلے سے شائع شدہ انتخابی فہرستوں کے سلسلے میں، ان ہدایات کے نوٹیفکیشن سے 21 دن کی مدت کا حساب لیا جائے گا۔یہ ہدایت اس وقت عمل میں آئی جب حکومت نے 27 ستمبر کو جموں و کشمیر سول سروسز (کردار اور سابقہ کی تصدیق) ہدایات، 1997 میں مزید ترمیم کی۔جی اے ڈی کمشنر منوج کمار دویدی کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، یہ ہدایت 21 جون 2021 کے سرکاری حکم نمبر 528-JK(GAD) کے تسلسل میں، ’’ہدایت 2 کے پہلے پیرا‘‘سے پہلے داخل کی گئی ہے۔سیول سروسز ایکٹ1997، کے گورنمنٹ آرڈر نمبر L918-GAD مورخہ 09.12.1997 کے ذریعے مطلع کیا گیا، جیسا کہ وقتاً فوقتاً ترمیم کی جاتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس سے سرکار کی جانب سے ایسے ملازمین کے خلاف کارروائیاں شروع کی گئیں ہیں جن کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات ملی تھیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکار نے راشی ملازمین اور غیر فعال سرکاری کارندوں کو بھی نوکریں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت اب تک سینکڑوں ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے ۔