جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموںوکشمیر میں 15سے 18برس تک کی عمر کے بچوں کے لئے کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم کا آغا ز کیا۔ جموںوکشمیر یوٹی میں کووِڈ ۔19ٹیکہ کاری مہم گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول گاندھی نگر جموں میں 15سے 18برس تک عمر کے بچوں کو خوراک کے ٹیکے سے شروع کی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کووِڈ بیماری کی روکتھام میں مدد کے لئے ٹیکہ کاری ایک اہم ذریعہ ہے اور اُنہوں نے نوجوان دوستوں سے درخواست کی کہ وہ ویکسین لگائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ویکسین لگانا ہی کافی نہیں ہے بلکہ کووِڈ پروٹو کولز اور رہنما خطوط پر عمل کرتے رہنا بھی بہت ضروری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صحت حکام سے کہا کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگائے جانے والے بچوں کو لازمی مشاہدے کے دورانیہ میں رکھیں۔جموںوکشمیر حکومت نے 15سے 18برس تک عمر کے گروپ کو کووِڈ ویکسین کے آسانی سے اِنتظام کرنے کے لئے تمام تیاریاں کر لی ہیں۔آج سے شروع ہونے والی ٹیکہ کاری مہم کے لئے ایک مضبوط ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ 15سے 18برس تک عمر کے بچوں کے لئے کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم پورے جموںوکشمیر یوٹی میں چلائی جائے گی ۔ آن لائن اور واک اِن رجسٹریشن کے علاوہ ضروری سہولیات ویکسی نیشن سینٹروں میں فراہم کی جاتی ہے۔محکمہ سکولی ایجوکیشن سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو کووِڈ مخالف ٹیکہ لگانے کی ترغیب دیں۔کووِڈمعاملات میں اِضافے اور اومی کرون کی نئی قسم کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے آج سے قومی کووِڈ امیونائزیشن پروگرام میں 15سے 18برس تک کی عمر کے گروپ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیکہ کاری مہم کے آغاز کے موقعہ پر میئر جے ایم سی چندر موہن گپتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرگ ،محکمہ صحت کے اعلیٰ اَفسران اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔