جموں//انفو//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموںکا دورہ کیا اور ان مزدوروں کی خیر و عافیت دریافت کی جو کل سانبہ ضلع کے رام گڈھ علاقے میں پُل گرنے کے واقعہ میں زخمی ہوئے تھے۔مشیرموصوف نے زخمیوں اور اُن کے لواحقین سے بات چیت کی اور انہیں صحت اِنتظامیہ کی طرف سے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔اُنہوں نے پرنسپل جی ایم سی جمو ںکو ہدایت دی کہ وہ ان اَفراد کو تمام مطلوبہ طبی علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں تاکہ وہ جلد صحت یاب ہوسکیں۔مشیر فارو ق خان نے کہا کہ حکومت اِس واقعہ میں جان کی بازی ہارنے والے شخص کے لواحقین اور زخمیوں کو بھی جموں و کشمیر بلڈنگ اور دیگر تعمیراتی ورکرس ویلفیئر بورڈ سکیم کے مطابق 2لاکھ روپے کی مالی اِمداد فراہم کرے گی ۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کو ضروری ہدایات جاری کیں کہ وہ مستقبل میں اِس طرح کے واقعات سے بچنے کے لئے ہرممکن کوشش کریں اور تعمیراتی کاموں کے دوران پیرا میٹروں کے تمام رہنما اَصولوں پر عمل کریں۔اِس موقعہ پر مشیر فارو ق خان نے بی آر او حکام پر زور دیا کہ وہ متاثرہ مزدوروں کو ورک مین کمپنسیشن ایکٹ کے مطابق جلد از جلد معاوضہ ادا کریں اور ان کے طبی اخراجات کا بھی خیال رکھا جائے اور مستقبل میں تمام مزدوروں کو ورکرس ویلفیئر بورڈ میں رجسٹرڈ کیا جائے۔مشیر موصوف نے اَن لوگوں کی صحت کے بارے میں بھی خیرو عافیت دریافت کی جو ماتا ویشنو دیوی سے واپسی کے بعد کد کے قریب حادثہ کا شکا ر ہوئے۔