سرینگر //محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام متعدد تقریبات کے سلسلے میں’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ کے تحت آزادی کے 75 ویں سال کو منانے کے لئے محکمہ نے آج جھیل ڈل میں ایک رنگا رنگ شکار ا ریلی نکالی تاکہ سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کیا جاسکے۔ناظم سیاحت کشمیر جی این ایتو نے نہرو پارک سے ریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جس میں کووِڈ صورتحال کی وجہ سے شکاراوالوں کے محدود اَفراد نے شرکت کی۔ شکارا والوں نے نہروپارک سے ایس کے آئی سی سی تک اور جوش و خروش کے ساتھ رائونڈ مکمل کرنے کے لئے واپس نہرو پارک تک قطار باندھی ۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر نے تمام شراکت داروں کو اِس بیماری کی تیسری لہر سے بچنے کے لئے کووِڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے شکارے والے ، ہائوس بوڈ مالکان اور سیاحوں پر زور دیا کہ وہ ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ سیاحت کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔