سری نگر// شہر آفاق گلمرگ میں آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران ایک ہٹ پوری طرح سے خاکسترہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیاحتی مقام گلمرگ میں قائم ہوٹل ہائی لینڈ س پارک کی ایک ہٹ میں اتوار کے روز آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چھ بیڈوں والے کمروں پر مشتمل اس ہٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران ہٹ مکمل طورپر خاکستر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس ہٹ میں چند سیاح بھی قیام پذیر تھے جن کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔آگ کی اس واردات کے دوران ہٹ میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سامان بھی تباہ ہو گیا ہے ۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔