جموں//جموں وکشمیرکے الپائن سکائر عارف محمد خان جنہوں نے بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے ،نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔سکائر عارف خان نے جن کا تعلق وادی کشمیر کے ٹنگمرگ کے حاجی بل کے ایک چھوٹے سے گائوں گویوارہ سے ہے ، نے بیجنگ سرمائی اولمپکس میں ہندوستان کے واحد نمائندہ ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ہے ۔ وہ ملک کے پہلے ایتھلیٹ بھی ہیں جنہوں نے سرمائی اولمپکس کے دو مختلف مقابلوں میں براہِ راست کوٹا حاصل کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے عارف خان کو ایک نادر کارنامہ اَنجام دینے پر مبارک باد دی اور سرمائی اولمپکس کوالیفائر کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا،’’ پوری قوم عارف خان کی لگن اور سپورٹس مین شپ سے متاثر ہے ۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اِس کا ساتھ دیں ۔ اِس کے لئے نیک تمنائیں اور اِس کی جیت کے لئے دعا کریں ۔‘‘اُنہوں نے سرمائی اولمپکس کوالیفائر کی ستائش کی جس نے جموںوکشمیر یوٹی کے نوجوانوں اور اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے ایک ناقابلِ یقین مثال قائم کی۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے نوجوان بے حد باصلاحیت ہیں اور اَپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے مزید مواقع اورنمائش کے مستحق ہیں ۔ ہم مقامی کھلاڑیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے جو جموں وکشمیر اور قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیرحکومت عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کے لئے نئی پالیسیاں عملا کر جموں وکشمیر کو پاور ہائوس آف سپورٹس بنانے کے لئے اہم اِقدامات کر رہی ہے۔عارف خان سکیئنگ کے عالمی چمپئن شپ میں چار مرتبہ ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اِس سے قبل گلمرگ میں منعقدہ کھیلو اِنڈیا سرمائی کھیلوں میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔سکیئر کے ہمراہ اُن کے سرپرست ذوالفقار احمد خان بھی تھے۔