سری نگر//پولیس نے این آئی اے کی ایک عدالت میں انسداد دہشت گردی سے متعلق قانون یو اے پی اے کے تحت ایک میینہ جنگجو اعانت کار کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 26 ستمبر 2020 کو کچھ نامعلوم جنگجوؤں نے بہی باغ علاقے میں ایک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ مستعد پولیس اہلکاروں نے فوری طور پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی تاہم جنگجو اپنے اعانت کار کی مدد سے تاریکی کا فائدہ اٹھا کر جائے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کے متعلق پولیس اسٹیشن بہی باغ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس واقعے میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو عامر احمد میر اور عامر منظور گنائی (جو دونوں مارے گئے ہیں) ملوث ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مزید تحقیات سے یہ بات سامنے آگئی کہ یہ واقعہ انجام دینے میں سہیل احمد نامی ایک جنگجو اعانت کار بھی ملوث ہے۔پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کی سخت کاوشوں سے مذکورہ جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا گیا اور اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران تمام شواہد بشمول ڈیجیٹل شواہد جمع کئے گئے اور 15 جنوری کو مذکورہ جنگجو اعانت کار کے خلاف این آئی اے عدالت اننت ناگ میں چارج شیٹ پیش کیا گیا۔