سری نگر// جموں سری نگر شاہراہ پر لاپتہ ہونے والے لکھنو کے تین افراد کی تلاش دن بھر جاری رہی لیکن ابھی تک اُن کے بارے میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔این جی او بانہال کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پیر کی صبح سے پولیس کے ساتھ مل کر ناچلانہ اور دوسرے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا لیکن مبینہ طورپر لاپتہ ہوئے تین افراد کے بارے میں ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔بتادیں کہ لکھنوں سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی نے رام بن پولیس کو بتایا کہ سیر و تفریح کی خاطر کشمیر کی طرف جا رہے اُن کے تین رشتہ دار جمعے کے روز سری نگر جموں شاہراہ پر لاپتہ ہوئے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ سری نگر جموں شاہراہ پر جمعے کے روز بھاری پسیاں گر آنے کے بعد وہ لاپتہ ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ لکھنو سے اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور این جی و بانہال کے رضاکاروں نے پیر کی صبح سے تلاشی آپریشن شروع کیا جبکہ پُر خطر راستوں پر بھی مذکورہ افراد کی تلاش شروع کی گئی ہے۔