سری نگر//وزارتِ سپورٹس مشن اولمپک سیل ( ایم او سی ) نے الپائن سکیئنگ ایتھلیٹ محمد عارف خان کو ٹارگٹ اولمپک پوڈیم سکیم ( ٹی او پی ایس ) کور گروپ میں شامل کرنے کی منظور ی دی ہے ۔ وِنٹر اولمپکس اگلے مہینے بیجنگ چین میںمنعقد ہونے والی ہے۔عارف خان سرمائی اولمپکس کے سلالم اور جائنٹ سلالم مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ اُنہیں ٹی او پی ایس کے تحت 17.46 لاکھ روپے کی رقم بھی منظور کی گئی ہے جس میں چین میں شاندار تقریب سے قبل یورپ میں تربیت اور آلات کی خریداری کے لئے رقم دی گئی ہے ۔ عارف خان اِس وقت آسٹریلیا میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور وہاں اُن کے ساتھ ان کے کوچ اور فزیو بھی ہیں۔ایم او سی نے عارف کے لئے 35روزہ یورپی تربیتی کیمپ کی منظوری دی جس کا آغاز اِس کے سرمائی اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے کے بعد ہوا ۔اُنہوں نے گذشتہ برس دسمبر میں مونٹی نیگرو میں ہونے والے مقابلے کے دوران دیوہیکل سلالم میں سلاٹ کی تصدیق کی تھی۔ایک ماہ قبل اس نے سلوم ایونٹ میں بھی جگہ حاصل کی تھی ۔ اِس کارنامے کے ساتھ عارف خان نے سرمائی اولمپکس کے دو مختلف مقابلوں میں براہِ راست کوٹا حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی بننے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ۔ اِس کے علاوہ سرمائی اولمپک گیمز 2022ء میں برتھ حاصل کرنے والے ملک کے پہلے ایتھلیٹ بھی ہیں۔گلمرگ جموںوکشمیر میں مقیم ایتھلیٹ نے 2011ء میں اُترا کھنڈ میں منعقدہ سائوتھ ایشین وِنٹر گیمز میں سلوم اور جائنٹ سلالم مقابلوں میں دو گولڈ میڈل جیتے تھے۔مزید برآں، عارف خان اِس سے قبل گلمرگ جموںوکشمیر میں منعقدہ کھیلو اِنڈیا سرمائی کھیلوں کے دونوں ایڈیشنوں میں حصہ لے چکے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اِس سے قبل عارف خان کو جدید تربیت حاصل کرنے کے لئے 10لاکھ روپے کی منظوری دی تھی۔جموں کے گولفر سبھنکر شرما کو ٹی او پی ایس ڈیولپمنٹ گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔