ترال: لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر نیشنل کانفرنس کی جانب سے آج ترال میں ایک میگا روڈ شو کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت آغا سید روح اللہ مہدی نے کی، جبکہ اس موقعے پر این سی لیڈر اور سابق ایم ایل اے ترال ڈاکٹر غلام نبی بٹ، سینئر لیڈر غلام محمد کانٹرو، کانگریس لیڈر ڈاکٹر فاروق آغا اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ ریلی اونتی پورہ سے شروع ہوکر پنر جاگیر ترال میں اختتام پزیر ہوئی، جس میں درجنوں گاڑیوں کے علاوہ پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران آغا روح اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکز نے کشمیریوں کی مرضی کے بغیر پانچ اگست 2019 کو جو فیصلہ لیا ہے، ہمیں وہ منظور نہیں ہے، اور مرکز کو دیر سویر کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرنا ہی پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت کشمیر کی اقتصادیات پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور بجلی کی ابتر صورتحال کے باوجود فیس میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اننت ناگ راجوری سیٹ پر انتخابات کو موخر کرانا جہاں بھاجپا کی ذہنیت کو ظاہر کر رہا ہے وہی اسے الیکشن کمیشن کی اعتباریت پر بھی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔