سری نگر//گجرات سے تعلق رکھنے والے مبینہ طورپر خود کو وزیر اعظم دفتر دہلی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور ظاہر کرنے والے جعلساز کرن بھائی پٹیل کو سری نگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔جج موصوف نے ملزم کو پندرہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے جعلساز کرن بھائی پٹیل کو جمعے کے روز سری نگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ جج موصوف نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کو 15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔بتادیں کہ گرفتار شدہ کے وکیل نے جمعے کی صبح میڈیا کو بتایا: ‘جہاں تک ملزم اور اس کے اہلخانہ کا تعلق ہے تو میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ملزم کرن بھائی پٹیل کا تعلق گجرات سے ہے پولیس کا الزام ہے کہ وہ اپنے آپ کو حکومت کا ایک اعلیٰ عہدیدار ظاہر کرتا تھا’۔موصوف وکیل نے کہا کہ میری ملزم اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ بات ہوئی۔انہوں نے کہا: ‘بات چیت کے دوران انہوں نے مجھے کہا کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘اہلخانہ نے یہ بھی کہا کہ یہ گجرات میں ایک سیاسی رسہ کشی کے اثرات ہیں‘ ۔