جموں//اِنتظامی کونسل کی میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے زمین کی منتقلی کے لئے مختلف محکموں کی تجاویز کو منظور ی دی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شرکت کی۔اِنتظامی کونسل نے پولی تکنیک کالج کے قیام کے لئے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حق میں گائوں بدلہ ، تحصیل اور ضلع کٹھوعہ میں واقع 60 کنال اراضی سٹیٹ ( محفوظ کاہچرائی ) کو منتقل کرنے کی تجویز کو منظوری دی۔ضلع کٹھوعہ میں پولی تکنیک کالج علاقے کے نوجوانوں کو مختلف سٹریموں میں تکنیکی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ فراہم کرے گا اور اِس طرح ایک اہم عوامی مقصد پورا ہوگا۔اِنتظامی کونسل نے بھج مستا، تحصیل اور ضلع رام بن میں واقع 17 کنال 15مرلہ کی سٹیٹ اراضی کو بھی شمالی ریلوے کے حق میں ڈیگڈول سے بھج مستا تک اپروچ روڈ کے دوبارہ منسلک حصے کی تعمیر کے لئے منتقل کیا۔یہ بیک وقت این ایچ۔44 سے ٹنل ٹی ۔49 سے رابطے میں اِضافہ کرے گا اور بھج مستا ، ارنیہال اور قریبی دیہات کے مقامی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرے گا۔