جموں//محکمہ زراعت کی پیداوار کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ( اے سی ایس ) اتل ڈولو نے آج یہاں یو ٹی میں پی ایم کسان کے نفاذ کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایم کسان کے تحت تیرہویں قسط اگلے ماہ تک جاری ہونے کی امید ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے استفادہ کنندگان کے آدھار کے ساتھ بینک کھاتوں کی سیڈنگ ، ان کے ریونیو ریکارڈ کے ساتھ لنک کرنے اور ہر ضلع سے متعلق eKYC کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے چیف ایگریکلچر آفیسرز اور نوڈل افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام رکاوٹوں کو دور کریں تا کہ ریونیو ریکارڈ کے خلاف تصدیق کے بعد زیادہ سے زیادہ eKYC طریقہ کار کو یقینی بنایا جا سکے ۔ حکومت ہند کے نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا ( این پی سی آئی ) پلیٹ فارم کو نومبر کے آخر تک منینڈیٹ جمع کرنے اور زیادہ سے زیادہ ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو تمام تکنیکی اور ویب سائٹ سے متعلق مسائل کو دور کرنے کیلئے بھی بلایا تا کہ استفادہ کنندگان کو کم سے کم پریشانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ نااہل استفادہ کنندگان جیسے ٹیکس دہندگان اور سرکاری ملازمین وغیرہ کے بارے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ان کی نشاندہی کی جائے اور ایسے مستفید ہونے والوں کی فہرست احتساب اور ضروری کاروائی کو طے کرنے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کو پیش کی جائے ۔دوسری طرف زمین کی تبدیلی کے مسائل کی وجہ سے اگر کوئی اہل فائدہ اٹھانے والے کو چھوڑ دیا گیا ہے ، ان کے مسائل کو حل کیا جانا چاہئیے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ حکومت کی اسکیم سے مستفید ہوں ۔ میٹنگ میں موجود لوگوں میں کمشنر سیکرٹری ریونیو ، اسپیشل سیکرٹری زراعت ، ڈائریکٹر زراعت جموں کے علاوہ زراعت اور محصولات کے محکموں کے دیگر سینئر افسران شامل تھے ۔ میٹنگ میں کشمیر کے افسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی ۔