پاوا گڑھ//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو گجرات کے پنچ محل ضلع کے مشہور یاتری دھام پاوا گڑھ پہنچے اور رسومات کے مطابق پوجا کرنے کے بعد پاوا گڑھ مندر میں جھنڈا لہرایا اور کہا کہ آج ہندوستان کا روحانی اور ثقافتی فخر بحال ہو رہا ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے کہا کہ آج صدیوں بعد پاوا گڑھ مندر میں ایک بار پھر جھنڈا لہرایا گیا ہے۔ یہ شکھر جھنڈا ہماری عقیدت اور روحانیت کی علامت ہے۔ یہ شکھر جھنڈا اس حقیقت کی بھی علامت ہے کہ صدیاں بدلتی ہیں، زمانے بدلتے ہیں لیکن عقیدت کی چوٹی ابدی رہتی ہے۔ آج ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی شان بحال ہو رہی ہے۔ آج نیا ہندوستان اپنی جدید امنگوں کے ساتھ ساتھ اپنی قدیم وراثت اور شناخت کو اسی جوش اور جذبے کے ساتھ جی رہا ہے کہ اس پر ہر ہندوستانی کو فخر ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ سوامی وویکانند جی ماں کالی کا آشیرواد لے کر عوامی خدمت میں لگ گئے۔ ماں مجھے بھی ا?شیرواد دے کہ میں مزید توانائی کے ساتھ، زیادہ قربانی اور لگن کے ساتھ ملک کے لوگوں کا خادم بن کر ان کی خدمت کرتا رہوں۔ مجھ میں جو بھی طاقت ہے، میری زندگی میں جو بھی خوبی ہے، اسے میں ملک کی ماؤں بہنوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرتا رہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے پاوا گڑھ کی یاترا اتنی مشکل تھی کہ لوگ کہتے تھے کہ زندگی میں کم از کم ایک بار ماں کے درشن ضرور ہوجائیں۔ آج یہاں بڑھتی ہوئی سہولیات نے دشوار گزار درشنوں کو قابل رسائی بنا دیا ہے۔ پاواگڑھ میں روحانیت بھی ہے، تاریخ بھی ہے، قدرت بھی ہے، فن اور ثقافت بھی ہے۔ یہاں ایک طرف ماں مہاکالی کا شکتی پیٹھ ہے تو دوسری طرف جین مندر کا ورثہ بھی ہے۔ یعنی پاوا گڑھ ایک طرح سے ہندوستان کے تاریخی تنوع کے ساتھ تمام مذہبی مساوات کا مرکز رہا ہے۔