سری نگر// کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز کا کہنا ہے کہ ’’ ڈاکٹر کرن سنگھ کا یونین ٹریٹری کے بجائے جموں وکشمیر ریاست کا درجہ بحال کرنا صحیح مطالبہ نہیں ہے کیونکہ ریاست کے لوگ دراصل ریاست کی اندرونی خود مختاری کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں، جو آئین کی دفعہ 370 میں محفوظ تھا۔حقیقت میں ریاست کے لوگ اْسی جدوجہد میں مصروف ہیں !اگر مرکزی سرکار کو یونین ٹریٹری کا درجہ پسند آتا ہے تو کچھ دیر وہ اپنی تنگ نظری میں آوارہ رہیں۔انہوں نے بتایا کہ مگرمجھے پورا یقین ہے کہ ایک دن مرکزی حکومت اس مطالبے کی اہمیت سمجھے گی اور یہ درجہ بحال کرنے کے لئے مجبور ہوگی!مسٹر سوز کے مطابق مرکزی حکومت نے ریاست جموں وکشمیر کی اندروی خود مختاری کو یک طرفہ طور ختم کر کے ایک بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور ریاست کے لوگ جمہوری اور آئینی طریقے سے اندرونی خود مختاری کو بحال کریںگے۔دریں اثناء جموں وکشمیر کی مین اسٹریم سیاسی جماعت نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ جوں ہی انتخابات ہوںگے، تو اْس کے بعد ریاستی قانون ساز حکومت قائم ہوگی، وہ اندرونی خودمختاری یعنی دفعہ 370کو بحال کریںگے!میں مین اسٹریم لیڈرشپ کے اس دعویٰ کا خیر مقدم کرتا ہوں اور امید کرتا ہوںکہ ریاست کے لوگ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوںگے۔میں اس امر کو پھر سے تقویت دینا چاہتا ہوں کہ قوموں کی زندگی میں صرف جدوجہد کو ہی اہمیت ہوتی ہے!!‘‘