سری نگر// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نہامہ علاقے میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی اور ایک آٹو رکشا کے درمیان ٹکر سے کم سے کم آٹھ سی آر پی ایف اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے نہامہ علاقے میں جمعرات کو سی آر پی ایف کی گاڑی اور ایک آٹو رکشا کے درمیان ٹکر ہوگئی اور دونوں سڑک پر پلٹ گئیں۔انہوں نے کہا اس سڑک حادثے کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ سی آر پی ایف اہلکار اور آٹو رکشا ڈرائیور زخمی ہوگئے۔زخمی اہلکاروں کی شناخت سریندر سنگھ، کے ستیہ، کے مہا، راقب الاسلام، راجیندر، سی راما کرشنا اور مشرام اروند جبکہ آٹو رکشا ڈرائیور کی شناخت محمد اکبر کے طور پر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔