سری نگر//جوائنٹ کارڈینشین کمیٹی رٹیل کیروسین اینڈ کوآپریٹیو ڈیلرس کے بینر تلے تیل خاکی کے ڈیلروں نے جمعرات کو یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطلبات کے حق میں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ’ہمارا روز گار بحال کرو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر کمیٹی کے صدر جاوید احمد حکیم نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں ایک حکمنامہ نکالا گیا جس میں ایک کیٹاگری کو تیل خاکی ختم کرنے اور ایک کو دینے کا حکم جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس حکمنامے سے ہمارا روز گار از حد متاثر ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر میں ہی پچیس سو افراد سے کاروبار سے وابستہ ہیں اور کمیشن پر ہی ہماری روزی روٹی کا اںحصار ہے۔موصوف صدر نے کہا کہ حکومت کے حکمنامے سے ہم مالی بحران سے دوچار ہوئے ہیں ہم لوگ بچوں کی ٹیوشین فیس ادا کرنے سے بھی قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا حکام سے بس یہی مطالبہ ہے کہ ہمارے روز گار کی سبیل کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے روز گار کی بحالی کے متلعق اقدام نہیں کئے گئے تو ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔