سری نگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بدھ کے روز ہندواڑہ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، جس دوران اُنہیں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز اور جرائم کی روکتھام کے حوالے سے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی ہندواڑہ سندیپ گھپتا نے آئی جی کشمیر کو ہندواڑہ کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ملی ٹینٹوں اور سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر زمینی سطح اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ایس ایس پی نے اس موقع پر بتایا کہ ہندواڑہ میں امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی فورسز کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تایر ہیں۔اس موقع پر آئی جی کشمیر نے آفیسران سے مخاطب ہوتے ہوئے اُن پر زور دیاکہ ضلع میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔انہوں نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائے اور ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں سرگرم ملی ٹینٹ اعانت کاروں پر بھی خصوصی نظر گزر رکھنے کی ضرورت ہے اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث قرار پائیں گے ۔انہوں نے نارکو ملی ٹینسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں نارکو ملی ٹینسی ماڈیول سے وابستہ افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ملی ٹینٹوں کے سبھی عزائم کو ناکام بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا: ‘ہم نوجوانوں کو مثبت کاموں میں مصروف رکھنے کے لئے کوشاں ہیں۔اُن کے مطابق امن و امان کے قیام کی خاطر جموں وکشمیرپولیس زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں اور کسی کو بھی خرمن امن کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔