جموں//سری نگر شہر میں مکانات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور ہائوسنگ سیکٹر کو آگے بڑھانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں اِنتظامی کونسل میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سری نگر اور بڈگام اَضلاع میں 17 مقامات پر 7 گائوں میں 2,318کنال 8مرلہ زمین کی منتقلی ہائوسنگ کالونیوں کی تعمیر کے لئے مکانات و شہری ترقی محکمہ کے حق میں دینے کو منظوری دی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران فاروق خان اور راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نے شرکت کی۔ہاؤسنگ کالونی پروجیکٹ کی تعمیر جموں و کشمیر کی اِقتصادی، صنعتی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ ہنر منداورغیر ہنر مند مزدوروں کو براہ راست روزگار فراہم کرے گا اور ساتھ ہی مقامی دکانداروں اور نوجوانوں کو بالواسطہ روزگار بھی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ مکانات کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے مقامی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنائے گا۔اس کے مطابق سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی( ایس ڈی اے ) اورجموںوکشمیرہاؤسنگ بورڈ (جے کے ایچ بی) کو ان پروجیکٹوں کے ڈیزائن اور دیگر طریقوں کو حتمی شکل دینے کا کام سونپا گیا ہے جس میں ان زمینوں پر سستی مکانات تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔حال ہی میں، رئیل اسٹیٹ سمٹ۔2022 ء کے دوران، دونوں دارالخلافائی شہروں سری نگر اور جموں میں ہاؤسنگ سٹاک تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔