جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج محکمہ دیہی ترقی کو ہدایت دی کہ وہ اگلے مالی برس کے دوران ’’ حمایت ‘‘ کے تحت 60ہزار بے روزگار نوجوانوں کی تربیت اور تقرری کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے محکمہ دیہی ترقی سے کہاکہ وہ ہر پنچایت میں 20اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی نشاندہی کرے اور اِس کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور پی آر آئیز کی مدد لی جاسکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ’حمایت‘ اور ’سیلف ایمپلائمنٹ ‘کے دیگر اقدامات کے تحت 60ہزار نوجوانوں کی تربیت اور اس کے نتیجے میں ملازمت کی تقرری جموں و کشمیر میں بے روزگاری کو 5 فیصد سے نیچے لانے کے حکومت کے مقصد کو آگے بڑھایا جائے گا۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے میٹنگ میں ’’ حمایت‘‘ سکیم کا جائزہ لیا جس میں اِنتظامی سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ ،سی او او اور حمایت نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ سکیم 31؍ مارچ 2023 ء کو بند ہوجائے گی۔اِس لئے محکمہ کو تین سے 9ماہ پرقلیل مدتی ہنروں پر مبنی کورسوںکا ہدف پورا کیا جانا چاہیئے۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی مندیپ کور نے اَپنی پرزنٹیشن میں جانکاری دی کہ تقریباً 19,000نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے جبکہ اِس سکیم کے آغاز سے اَب تک تقریباً 4,000 نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ زیادہ تر تربیت یافتہ اَفراد نے صحت دیکھ ریکھ ، آئی ٹی ۔ ٹی اِی ایس ، رٹیل ، ٹیلی کام ، سیاحت اور مہمان نوازی وغیرہ شعبوں میں تربیت حاصل کی ہے جبکہ اِس بات پر زور دیا کہ کار پینٹری ،معماری ،پلمبنگ وغیرہ ڈومینز میں تربیت کا بندوبست کرنے کی بھی ضرورت ہے ، کیوں کہ جموںوکشمیر یوٹی میں تجارتوں میں تکنیکی ماہرین کی عمومی کمی ہے۔مزید بتایاگیا کہ اگلے مالی برس کے دوران 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت دینے اور رکھنے کے منصوبے کو موجودہ پی آئی اے کی مشاورت سے فروری 2023ء کے آخیر تک حتمی شکل دی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ بی آر او کے ساتھ ان کی ہنر مند ، نیم ہنر مند اَفرادی قوت کی ضرورت کا تعین کرے گا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ اِس بات کو یقینی بنائے کہ ’’ حمایت ‘‘ کے تحت مہمان نوازی ، اِنڈسٹریز ، مکانات و شہری ترقی ، سیاحت ، میڈیکل لیبارٹری ، جل شکتی محکمہ میں پانی کی جانچ لیبارٹری شعبوں میں تربیت کا اہتمام کیا جائے ۔ صنعتوں میں سرمایہ کاری کی وجہ سے اِن شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جموں وکشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں میں اِضافہ ہوا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سے کہا کہ وہ ریاستوں کے متعلقہ حکام سے مشورہ کرے جنہوں نے اے پی ، ٹی این اور اڑیسہ جیسے حمایت کی عمل آوری میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اورمرکزی وزارتِ دیہی ترقی محکمہ کے حکام سے جموںوکشمیر میںسکیم کی عمل آوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے مشورہ دیا ہے۔ڈاکٹر ارون کما رمہتا نے محکمہ سے کہا کہ وہ ’’ حمایت‘‘ سکیم کی عمل آوری باقاعدہ نگرانی کے لئے ایک مناسب اِدارہ جاتی طریقہ کار وضع کرے۔