سری نگر//73ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں آج سری نگر سمیت وادی کے مختلف اَضلاع میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا۔جس دوران قومی پرچم کی نقاب کشائی کی گئی جب کہ جموں و کشمیر پولیس، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس، انڈین ریزرو پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، ایس ایس بی، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی اور این سی سی دستوں نے مارچ پاسٹ میں شرکت کی اور تقریب کے احسن انعقاد کویقینی بنایا۔ریہرسل 26 ؍جنوری کو ہونے والے یوم جمہوریہ کی پریڈ کا پیش خیمہ ہے۔سری نگر میںایس کے کرکٹ سٹیڈیم سونہ وار میں آج صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے کی صدارت میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیا ۔اُنہوںنے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔پریڈ میںجموں و کشمیر پولیس، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس، انڈین ریزرو پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، ایس ایس بی، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی اور این سی سی دستوں نے شرکت کی۔بعد میں صوبائی کمشنر نے مختلف ثقافتی پروگراموں کا مشاہدہ کیا جن میں لوک رقص، بانڈ’ پاتھراور مختلف گروپوں کی طرف سے پیش کئے گئے حب الوطنی کے گیتوں پر مبنی رقص شامل ہیں۔فُل ڈریس ریہر سل تقریب میں دیگر اَفراد کے علاوہ سول اِنتظامیہ اور محکمہ پولیس کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔اننت ناگ میںیوم جمہوریہ کی فُل ڈریس ریہرسل کے موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ بشیر احمد وانی نے آج قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیااور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اُن قائدین ، مجاہدین آزادی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن کی آزادی کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔اُنہوں نے اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ نے کووِڈ کے خاتمے کی کوششوں اورضلع کی طرف سے مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت حصولیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم ، صحت دیکھ ریکھ ، ڈسٹرکٹ کیپکس ، زراعت اور اِس سے منسلک شعبے ، خواتین اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانا، منریگا ، جے جے ایم ، پانی اور بجلی کی فراہمی،آنگن واڑ ی مراکز اور سکول ، دیہی ترقی ، میکڈامائزیشن اور سڑک رابطے ، سماجی بہبود ، نشا مُکت بھارت ، صنعتیں ، خود روزگار اور پائیدار اثاثوں کی تخلیق شامل ہیں۔جی ڈی سی بوائزکھنہ بل میں سی آر پی افی ، جے اینڈ کے پولیس، ہوم گارڈز، این سی سی اور 105 آئی این ایف بی این کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔فُل ڈریس ریہر سل کی تقریب کے موقعہ پر اے ڈی سیز، ایس پی ، سی اِی او، اے سی ڈی ، اے سی پی ، اے سی آر ، ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی ، تحصیل دار اننت ناگ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے اَفسران اور معزز شہری موجود تھے۔بارہمولہ میں یوم جمہوریہ کی تقریبات 2022 ء سے پہلے آج ضلع صدر مقامات بارہمولہ میں ایک فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد کیا گیااور وہاں اسسٹنٹ کمشنر بارہمولہ محمد رفیق لون نے قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اسسٹنٹ کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی تاریخ میں یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ بارہمولہ کئی محاذوں پر تیز رفتار ی سے ترقی کی راہ پر گامز ن ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہمولہ کو کائونٹی میں تیزی سے ترقی کرنے والے ضلع کے طور پر پہچانا جاتا ہے جیسا کہ حال ہی میں جاری کردہ نیتی آیوگ کی ڈیلٹا رینکنگ میں بارہمولہ ضلع نے ملک میں ایسپریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔مزید برآں، اُنہوں نے ضلع میں مختلف شعبوں مثلاً صحت ، تعلیم ، دیہی ترقی وغیرہ میں تیار کئے گئے متعدد منصوبوں کی فہرست دی اور اُنہوں نے کہا کہ ضلع نے متعدد شعبوں میں شاندار کامیابیاں درج کی ہیں۔جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلاب کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا ۔واضح رہے کہ اِس تقریب میں ضلع پولیس بارہمولہ نے پہلی اَپنا بیند متعارف کیا ہے۔اِس دوران طلاب کی جانب سے مختلف رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جنہیں سامعین اور حاضرین نے خوب سراہا۔دریں اثنا یوم جمہوریہ کے سلسلے میں پولیس لائنز خوشحال سٹیڈیم سوپور میں فل ڈریس ریہر سل کا اِنعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور نے قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا او رمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔سی آر پی ایف ، ضلع پولیس سوپور ، ہوم گارڈ اور سکولی بچوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا ۔ اِس موقعہ پر مختلف تعلیمی اِداروں کے طلباء نے رنگارنگ پروگرام پیش کئے ۔تقریب میں ایس ایس پی سوپور سدھا نشو ورما ، اِنتظامیہ کے اَفسران و اہلکار اور دیگر لوگ موجود تھے۔ بڈگام میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( اے ڈی ڈی سی ) بڈگام اکرم اللہ تاک نے قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اے ڈی ڈی سی نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ضلع میں کئے گئے ترقیاتی اِقدامات پر روشنی ڈالی۔ مختلف سکولوں کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جنہوں نے اَپنی پرفارمنس سے سامعین و حاضرین کو محظوظ کیا۔جے کے پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ز ، این سی سی اور مختلف سکولوں کے دوستوں نے مارچ پاسٹ پر سلامی پیش کی۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم ، اے ڈی سی بڈگام ناصر احمد لون ، جی ایم ڈی آئی سی ، اے ایس پی بڈگام ، سی اِی او اور دیگر سول اور پولیس اَفسران بھی موجود تھے۔گاندربل یوم جمہوریہ کے سلسلے میں فُل ڈریس ریہرسل کا اِنعقاد آج قمریہ گراؤنڈ گاندربل میں کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر( اے ڈی ڈی سی) پیر مظفر احمد نے ترنگا لہرایا، مارچ پاسٹ پر سلامی لی اورپریڈ کا معائینہ کیا۔جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی اور ہوم گارڈ کے ستوں نے مارچ پاسٹ پر سلامی پیش کی ۔ اِس کے علاوہ سکولی بچوں کی جانب سے فل ڈریس ریہرسل کے حصے کے طور پر رنگارنگ ثقافتی پروگراموں اور سکٹس پیش کئے گئے۔اے ڈی ڈی سی نے دستے کے ساتھ بات چیت کی اور تقریب کے لئے ان کی تیاریوں کو سراہا۔اے ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں یوم جمہوریہ کے جشن کی اہمیت کی تعریف کی اور ضلع م یں مختلف محکموں کی طرف سے رجسٹرڈ مختلف ترقیاتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اِنتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ سیاحت کے ساتھ ساتھ ضلع میں کھیل اور دیگر شعبوں میں ہمہ جہت اور مساوی ترقی کی سہولیت فراہم کی جائے۔اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ حال ہی میں منعقدہ پہلی ڈسٹرکٹ گڈ گورننس اِنڈکس کی مجموعی درجہ بندی میں ضلع گاندربل چھٹے نمبر پر اُبھرا ہے جس کے لئے اے ڈی ڈی سی نے تمام محکموں کے عزم اور محنت کی تعریف کی۔اُنہوں نے ضلع میں کووِڈ۔19 وبائی اَمراض پر قابو پانے کے سلسلے میں ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے تحقیقی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں 15برس سے 18برس عمر تک کے لئے صد فیصد پہلی خوراک کا ہدف حاصل کرچکا ہے اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ رہنما خطوط اور دیگر ایس او پیز پر من و عن سختی سے عمل کریں تاکہ کووِڈ ۔19 کی تیسری لہر کے بڑھٹے ہوئے خطرے کو کم کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی گاندربل فاروق احمد بابا، اے ایس پی گاندربل فیروز یحییٰ ، اے سی آر گاندربل ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر کے علاوہ مختلف سول اور پولیس اَفسران موجود تھے۔پلوامہ میںیوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر( اے ڈی ڈی سی )ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لینے والے دستوں میں سی آر پی ایف، جے کے اے پی، آئی آر پی، لیڈی دستہ، ہوم گارڈ، کمانڈو پلاٹو، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کا دستہ اور بینڈ دستہ شامل تھا۔اِسی طرح کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اونتی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اونتی پورہ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائیہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔شوپیاں میںیوم جمہوریہ 2022 ء کی تقریبات کی فل ڈریس ریہرسل آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز( ڈی پی ایل) شوپیاں میں سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوپیاں مشتاق احمد سمنانی نے مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور پریڈ کا معائینہ کیا۔مارچ پاسٹ میں سی آر پی ایف، جے کے پی ، آئی آر پی ، فارسٹ پروٹیکشن پولیس ، ہوم گارڈ اور سکولی طلباء نے حصہ لیا۔ضلع کے مختلف تعلیمی اِداروں کے سکولی بچوں نے رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ ثقافتی پروگراموں میں شوپیاں کی جامع حب الوطنی کی روایات اور موسیقی کی عکاسی کی گئی ہے۔اِس موقعہ پر تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شوپیاں شہباز احمد بودا ، سی اِی او ، اے ایس پی ، ایگزنز ، مختلف محکموں کے سربراہاں کے علاوہ سینئر ضلعی اور پولیس اَفسران ، سکولی بچوں اور مختلف محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔کولگام میں73ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں ایک فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر( اے ڈی ڈی سی )کولگام ریاض احمد صوفی نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اورمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے لوگوں کو مبارک باد پیش کی اور کورونا وائرس وَبائی اَمراض سے نمٹنے کے لئے اِنتظامیہ کے تخفیفی اِقدامات پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ حالیہ برفباری کے دوران ضلعی اِنتظامیہ نے بروقت برف صاف کرنے اور ضلع بھر میں ضروری خدمات کی بھالی کو یقینی بنایا ۔ اُنہوں نے ضلع میں مختلف سکیموں اور پروگراموں کے تحت ہونے والی حصولیابیوں اور پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔مارچ پاسٹ میں جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف، آئی آر پی ایف، خواتین پولیس ، ہوم گارڈ ، پولیس بینڈ ، نئے پولیس ریکروٹس ، این سی سی کیڈٹس اور دیگر دستوں نے سلامی دِی۔اِس موقعہ پر متعدد ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔تقریب میں اے ڈی سی شوکت احمد راتھر، اے ایس پی، اے سی آر، سی ای او، ڈی وائی ایس ایس او، ڈی ایس پی ڈار، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اور سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔کپواڑہ میں یوم جمہوریہ 2022 ء کی فُل ڈریس ریہرسل ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) غلام نبی بٹ نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔مارچ پاسٹ پر جے کے پی، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، آئی آر پی، ہوم گارڈز، ایف پی ایف، ایس پی ایف اور پولیس دستوں نے سلامی پیش کی۔اے ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ اور ہندوستانی آئین کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اُنہوں نے کہا کہ اِس آئین کی وجہ سے آزاد ہندوستان میں لوگوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں۔اے ڈی سی نے 15 برس سے 17برس عمر تک کے بچوں کی ویکسی نیشن سمیت اِنتظامیہ کی طرف سے کی گئی کووِڈ سے بچائو کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ رہنما اَصولوں پر عمل کریں اور اَپنی حفاظت کے لئے ضروری کووِڈ ویکسین کی خوراک لیں۔تقریب کے دوران سکولی بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔اِس موقعہ پر اے ایس پی کپوڑہ ، سی اِی او کپواڑہ ، سول اور پولیس اَفسران موجود تھے۔ہندواڑہ میں، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ہندواڑہ میں بھی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں تحصیلدار ہندواڑہ شہباز احمد نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اورجے کے پی ، جے کے اے پی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اس موقع پر اے ایس پی ہندواڑہ، سول انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔کرناہ سب ڈویڑن میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاں ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ اس دوران سکولی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے۔مختلف تعلیمی اداروں سمیت ضلع بھر میں فل ڈریس ریہرسل کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔بانڈی پورہ میں 73ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں شیر کشمیر سٹیڈیم بانڈی پورہ میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا جہاںضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے کیا او رمختلف سرکاری اور مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت رواں مالی سال کے دوران ضلع کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے عوامی شکایات کے فوری ازالہ، بلاک دیوس منانے ، پنچایت ترقیاتی اشاریہ کے کلیدی اشاریوں میں بہتری اور دیگر پروگراموں کا خصوصی ذکر کیا جن میں شکایات کے ازالے پر توجہ دی گئی۔ڈاکٹر اویس احمد نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر عمل کریں اور ویک اینڈ لاک ڈائون سمیت کووِڈ سے بچائو کے اقدامات کو یقینی بنانے اور نافذ کرنے کے لئے اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔سی آر پی ایف، جے کے ایگزیکٹیو پولیس، ایس پی اوز، این سی سی کیڈٹس، ہوم گارڈز کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا اور مختلف سکولوں کے طلباء نے بھی حصہ لیا۔اس موقعہ پر سکولی بچوں اور سی آر پی ایف نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جبکہ جے کے پی نے مارشل آرٹ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس سے حاضرین اور سامعین محظوظ اور مسحور ہوئے ۔اسی طرح کی فل ڈریس ریہرسل اضلاع میں تمام سب ڈویڑنوں، بلاکوں، پنچایتوں، سکولوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں منعقد کی گئی جہاں ترنگا لہرایا جائے گا۔ اس موقع پر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس محمد زاہد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر علی افسر خان، ضلعی افسران اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔