سری نگر// محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے سربراہ سونم لوٹس نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بدھ کے روز وادی کشمیر کے بعض میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں تازہ مغربی ہوائیں داخل ہوسکتی ہیں جس سے 22 اور 23 جنوری تک موسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشیں متوقع ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 18دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گلمرگ میں صبح آٹھ بجے تک 1.2سینٹی میٹر تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی ۔