سری نگر//گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ہفتے کے روز نافذ ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔بتادیں کہ کورونا کے یومیہ کیسز میں درج ہو رہے ہوشربا اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے کہا کہ گرچہ شہر میں صبح کے وقت بازار کھلے تھے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی جاری تھی لیکن بعد میں حکام نے لاک ڈاؤن کا اعلان کرکے دکانداروں کو دکان بند کرنے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی گاڑیاں بھی شہر کے بازاروں میں گھوم رہی تھیں جن میں بیٹھے اہلکار ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اعلان سننے کے بعد دکانداروں نے دکان بند کرنے شروع کر دئے اور دو پہر سے قبل ہی شہر کے سارے بازار بند ہوگئے۔موصوف نامہ نگار نے کہا کہ تاہم سڑکوں پر گاڑیوں کی جزوی نقل و حمل جاری تھی۔وادی کے دیگر اضلاع میں بھی ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ رہنے کی اطلاعات ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشوش کی لہر پھیل گئی ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام کر رہی ہے۔سٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کی طرف سے ہفتے کو جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈس‘ پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔یونین ٹریٹری کے جملہ ضلع مجسٹریٹوں کو ٹیسٹنگ کو تیز تر کرنے اور دستیاب وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔