سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر روندر رینہ نے حد بندی کمیشن کی جانب سے ایسو سی ایٹ ممبران کو پیش کئے گئے معروضی دستاویز کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن نے جموں کشمیر کے سبھی علاقوں کے لوگوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی رپورٹ ترتیب دی ہے۔موصوف صدر نے بتایا کہ کمیشن نے سب کو برابری کی بنیاد پر انصا ف فراہم کیا ہے۔ان باتوں کو اظہار روندر رینہ نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پیر کے روز حد بندی کمیشن نے ایسو سی ایٹ ممبران کو معروضی دستاویز فراہم کیا اور جو موٹا موٹا خاکہ ہمارے سامنے آیا اُس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ کمیشن نے سبھی خطوں کے لوگوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی اسمبلی نشستیں بڑھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ سے علاقائی توازن کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔روندر رینہ نے بتایا کہ پچھلے ستر برسوں سے جموں کے لوگ اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کررہے تھے اور آج اُنہیں اس کا پھل مل گیا ہے۔موصوف صدر نے بتایا کہ الگ الگ سیاسی پارٹیوں نے چناواور حد بندی کمیشن کے ممبران کے ساتھ ملاقات کی اور اُنہیں اسمبلی نشستوں میں اضافہ کرنے کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ اس بار حد بندی کمیشن نے سبھی علاقوں کے لوگوں کا خیال رکھا ہے۔اُن کے مطابق اگر چہ ابھی حتمی رپورٹ نہیں آئی ہے لیکن جو رپورٹ ہمارے سامنے آئی اُس سے لگتا ہے کہ کمیشن نے لوگوں کی جانب سے پیش کی گئی آرا اور اعدودوشمار کا بھی خاص خیال رکھا ہے۔بھاجپا صدر نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سب کو برابری کی بنیاد پر انصاف ملے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے لیڈر ایک محلے کی بات کرتے ہیں لیکن اُنہیں سبھی اضلاع کی بات کرنی چاہئے۔