سری نگر//پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سری نگر لوک سبھا سیٹ کے امید وار وحید پرہ کا کہنا ہے کہ کشمیر کے نوجوانوں کو لوک سبھا انتخابات ریفرنڈم سے تعبیر کرنے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی کو یہ پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے کہ وہ کشمیر میں لوگوں کی خاموشی کو ان کی خوشی نہ سمجھیں۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ہمارے لئے مدعا یہ نہیں ہے کہ ہمارے خلاف کون ہے ہم چاہتے ہیں کہ سری نگر خاص طور پر کشمیر کے نوجوان اس الیکشن کو ریفرنڈم سے کم نہ سمجھیں، نئی دلی کو یہ پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے کشمیر کی خاموشی کشمیریوں کی خوشی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھالوگ خاموش ہیں لیکن خوش نہیں ہیں ، ہمارے نوجوانوں کے مستقبل پرغیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، لوگ سہمے ہوئے ہیں۔مسٹر پرہ نے کہا کہ یہاں مسئلہ ہار یا جیت کا نہیں ہے بلکہ ہمیں اپنی شناخت، وسائل، باجری، ریت وغیرہ کے متعلق خدشات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان خدشات کو دور کرنے کے لئے ملک کے ایوان سے یقین دہانی ہونی چاہئے۔ان کا کہنا تھا: ہم نے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان کھوئے اور آج ہمارے نوجوان کچھ نشے کی لت میں پڑے ہیں اور پڑھے لکھے نوجوان ذہنی دبائو کا شکار ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ ہمارے مسائل کو حل کرے۔