مرزا پور// سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے جمعہ کے روز کہا کہ سال کے آخر تک ملک کی قومی شاہراہیں امریکہ کی سڑکوں جیسی نظر آنے لگیں گی۔
مسٹر گڈکری نے پولی ٹیکنک گراؤنڈ میں گنگا ندی پر چھ لین والے پل اور 15 کلو میٹر طویل بائی پاس سڑک کا بھومی پوجن کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ تین مرحلوں کے اس پروجیکٹ پر 1750 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے آخر تک 5 لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکیں بنائی جائیں گی۔ ابھی کچھ سڑکوں پر کام شروع ہونے والا ہے جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔ کچھ تکمیل کے مرحلے میں ہیں۔
مرکزی وزیر نے 1500 کروڑ روپے کی لاگت سے مرزا پور – الہ آباد ہائی وے کو چار لین میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جون تک اس پر کام شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے بنارس-وندھیاچل روٹ پر مادھو سنگھ کے مقام پر 100 کروڑ کی لاگت سے فلائی اوور بنانے کا اعلان کیا۔ اس راستے پر ریلوے کراسنگ کی وجہ سے بعض اوقات مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اجودھیا وندھیاچل روٹ کے تین فیز ہیں، جن کے مکمل ہونے کے بعد مرزا پور سے جونپور اکبر پور کے راستے تین گھنٹے میں اجودھیا پہنچا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں کئی جگہوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔
مقامی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر مملکت برائے تجارت انوپریہ پٹیل نے میٹنگ میں گڈکری کا خیرمقدم کیا۔ تقریباً 5,000 کروڑ روپے کی سڑک کی تعمیر کے کام کے اعلان اور سنگ بنیاد رکھنے سے ان کے حلقے میں خوشی کا ماحول ہے۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ دیاشنکر سنگھ نے بھی میٹنگ سے خطاب کیا۔