شملہ//ہماچل کے وزیر تعلیم روہت ٹھاکر نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے گزشتہ ایک سال میں بے مثال ترقی کی ہے جس میں صحت، سڑکیں، تعلیم اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
مسٹر ٹھاکر نے یہ بات جمعرات کو جبل-ناور-کوٹکھائی اسمبلی حلقہ کے تحت بٹاڑگلو کے دورے کے دوران کہی۔ اس دوران انہوں نے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فرسٹ ایڈ سنٹر برتھاٹا اور 12 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے پٹوار خانہ بٹاڑگلو کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے 18.37 کروڑ روپے سے بننے والے کوہلاڑا-پنچگاؤں-انٹی سڑک کے توسیعی کام کا بھومی پوجن کیا اور بٹاڑگلو ٹکری سرانتھ جبل روڈ کا بھی افتتاح کیا۔
مسٹر ٹھاکر نے وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی مضبوط قیادت میں ہماچل حکومت ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنا رہی ہے اور آنے والے چار برسوں میں ریاست کو خود انحصار اور بااختیار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت جبل-ناور-کوٹکھائی اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ سڑکوں کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ روہت ٹھاکر نے کہا کہ سابقہ بی جے پی حکومت میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ایک بھی سڑک منظور نہیں ہوئی تھی جس کی وجہ سے اس اسمبلی حلقہ کی ترقی رکی ہوئی تھی۔
اس کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ بٹاڑگلو میں آج ہونے والے ترقیاتی کاموں سے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ بٹاڑگلو تین پنچایتوں برتھاٹا، کٹھاسو اور بدھال کا مرکز ہے، جس کی وجہ سے ان تمام پنچایتوں کے مکینوں کو ان کے گھروں کے قریب صحت اور محصول سے متعلق سہولیات کا فائدہ ملے گا، جس کے لیے پہلے انہیں جبل جانا پڑتا تھا۔
اس موقع پر کانگریس بورڈ صدر موتی لال ڈیٹا نے بھی اپنے خیالات پیش کئے۔