سری نگر//جنوبی ضلع کولگام کے مشی پورہ گاوں میں مسلسل تین روز تک جنگجو مخالف آپریشن جاری رہنے کے بیچ جمعرات کی سہ پہر کو جنگجووں اور فورسز کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران 2ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔آئی جی کشمیر کے مطابق دو میں سے ایک خاتون استانی رجنی بالا کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا۔ دریں اثنا جنوبی ضلع اننت ناگ کے ہانگل گنڈ کوکر ناگ میں جنگجووں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 14جون کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مشی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے بعد علاقے میں خاموشی چھائی جس کے بعد تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ 15جون کی صبح کو گاوں میں موجود جنگجووں اور فورسز کے مابین پھر آمنا سامنا ہوا لیکن اس بار بھی ملی ٹینٹ ابتدائی فائرنگ کے بعد فرار ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز اور گاوں میں محصور جنگجووں کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جس دوران سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مشی پورہ کولگام میں تین روز تک تلاشی آپریشن جاری رہنے کے بیچ جمعرات کی سہ پہر کو حزب سے وابستہ دو ملی ٹینٹ از جان ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دو میں سے ایک خاتون استانی رجنی بالا کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ بتادیں کہ 31مئی کے روز گوپال پورہ کولگام میں ملی ٹینٹوں نے خاتون استانی رجنی بالا پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر کے ہانگل گنڈ کوکر ناگ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔