سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننت گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے آنے والے یاتریوں کی سہولیت کے لئے آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس لانچ کی۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کو ایک ہی دن میں مکمل کرنے کے لئے یاتری پہلی بار سری نگر سے پنچنتری تک براہ راست ایک ساتھ سفر کریں گے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر یہ باتیں اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیں۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’شری امر ناتھ جی یاترا کے لئے آن لائن ہیلی کاپٹر سروس لانچ کی یاترا کو ایک ہی دن میں مکمل کرنے کے لئے یاتری پہلی بار سری نگر سے پنچنتری تک براہ راست ایک ساتھ سفر کریں گے‘۔
منوج سنہا نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’یہ حکومت کی طویل عرصے سے زیر التوا ایک کوشش تھی کہ بہتر رابطے اور رسائی کے لئے ہیلی خدمات متعارف کی جائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ عقیدت مند بکنگ کے لئے آسانی سے شرائن بورڈ کی ویب سائیٹ کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔
بتادیں کہ 43 دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ جی یاترا دو برسوں کے وقفے کے بعد ماہ رواں کی تیس تاریخ سے شروع ہونے والی ہے۔
حکام نے یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے باقی انتطامات کے علاوہ امسال مثالی سیکورٹی بندو بست کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر یاترا کے دوران 350 پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں تعینات رہیں گے۔
مسال یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لئے جہاں پہلی دفعہ ”آر او پی “پارٹی بھی ساتھ رہیں گی وہیں نگرانی کی خاطراینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس برس آٹھ لاکھ سے زائد یاتری پوترا شیو لنگم کے درشن کی خاطر وارد وادی ہوں گے۔