سری نگر// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکن اسمبلی راجیش گپتا کی میت بدھ کو یہاں پارٹی دفتر لائی گئی جہاں پارٹی کے کارکنوں اور دیگر لوگوں نے ان کا آخری دیدار کیا۔راجیش گپتا مختصر علالت کے بعد منگل کی شام 52 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ جموں ایسٹ سے اسمبلی ممبر تھے۔اس موقع پر بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ آنجہانی راجیش گپتا اور میں نے کافی عرصے تک مل کر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے جانے سے پارٹی میں ایک خالی پن محسوس کیا جائے گا جس کی بھر پائی ممکن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی سے کارکنوں کو سکیھنے کی ضرورت ہے اور ان کے پارٹی اور عوام کے لئے کی جانی والی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ایک اور پارٹی لیڈر نے کہا کہ راجیش گپتا کی موت سے ایک خلا پیدا ہوا ہے جس کا پر ہونا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے راجیش گپتا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا: ’راجیش کے انتقال کی خبر سن کر بہت صدمہ ہوا ہم نے جموں وکشمیر اسمبلی میں سال2015 سے2018 تک گلیاروں کے مخالف سمتوں میں اچھا وقت گذارا‘۔ان کا مزید کہنا تھا: ’وہ ایک قابل رکن پارلیمنٹ تھے اور انہوں نے جموں ایسٹ کے مفادات کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کام کیا‘۔