سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ کے نزدیک منگل کی شام ایک 24 سالہ دو شیزہ پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں اس واقعے کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یکم فروری کی شام سری نگر پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ حول علاقے میں جو پولیس اسٹیشن نوہٹہ کے دائرہ اختیار میں پڑتا ہے، میں ایک24 سالہ دوشیزہ پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور اس ضمن میں فوری طور پر تحقیقات شروع کی گئیں۔بیان میں کہا گیا: ’واقعے کی گھناؤنی نوعیت کے پیش نظر ایس ایس پی سری نگر نے فوری طور پر ایس پی شمالی سری نگر راجا زوہیب کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی‘۔موصوف ترجمان نے بیان میں کہا: ’زمینی سطح کی ابتدائی تحقیقات اور تیکنیکی تجزیہ کرنے کے بعد ایک مشتبہ شخص کا نام سامنے آگیا جس کی بنا پر اس واقعے میں ملوث اصلی ملزم ساجد الطاف راتھر ولد محمد الطاف راتھر سکان بچھوارہ ڈلگیٹ کو گرفتار کیا گیا‘۔ان کا بیان میں کہنا تھا: ’ایس آئی ٹی نے اس واقعے میں کردار نمایاں ہونے کے بعد اصلی ملزم کو گرفتار کیا‘۔موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کو متاثرہ لڑکی میں دلچسپی تھی۔بیان میں کہا گیا: ’چونکہ لڑکی نے ملزم کی شادی کی پیشکش کو ٹھکرایا تھا جس وجہ سے وہ اس کو ستا رہا تھا‘۔انہوں نے بیان میں کہا: ’ملزم جو ایک میڈیکل شاپ میں کام کرتا تھا، یکم فروری کی شام ایک اسکوٹی پر اس جگہ کی طرف روانہ ہوگیا جہاں متاثرہ لڑکی دوسرے ملزم مومن نذیر شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن مہجور نگر سری نگر، جس کو گرفتار کیا گیا، کے ساتھ کام کرتی تھی‘۔بیان میں کہا گیا کہ جب متاثرہ لڑکی شام کو گھر لوٹ رہی تھی تو ملزم نے اس کا تعاقب کرکے اس پر تیزاب پھینکا اور واپس دکان کی طرف بھاگا‘۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ اس جرم میں استعمال کی جانے والی سکوٹی کو بھی ضبط کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے تیزاب اپنے ایک شناسا محمد سلیم ولد عبدل گنائی ساکن پادشاہی باغ، جو انٹرنیشنل موٹرس میں ایک میکانک کی حیثیت سے کام کرتا ہے، سے لیا تھا جس کو مزید پوچھ تاچھ کے لئے گرفتار کیا گیا ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ اس ورک شاپ کو سیل کرنے کے لئے قانونی عمل شروع کیا گیا کیونکہ اس کے ایک ملازم کی طرف سے ہائی کورٹ ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیزاب بیچا تھا۔بیان میں سری نگر کے تمام دکانداروں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ تیزاب بیچنے کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کریں۔