سری نگر// گرمائی دارلحکومت سری نگر سمیت وادی کے جملہ ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں 64 گھنٹوں پر محیط ویک اینڈ لاک ڈاؤن کے بعد پیر کے روز معمولات زندگی بحال ہوگئے۔بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کورونا کیسز کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے یونین ٹریٹری میں64 گھنٹوں پر محیط ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ لیا تھا جس میں گذشتہ روز 7 گھنٹوں کی تخفیف کی گئی۔حکام کے مطابق اب یہ لاک ڈاؤن 57 گھنٹوں پر ہی محیط ہو گا اور جمعے کا دن مکمل طور پر لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ ہوگا۔دریں اثنا سری نگر کے تمام علاقوں کے بازاروں میں پیر کے روز ڈھائی دنوں کے بعد رونق لوٹ آئی۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے بازاروں میں تمام دکان کھلے تھے اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری تھی۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں نے جہاں خود بھی ماسک لگا رکھے تھے وہیں دکانوں پر سینٹائزیشن وغیرہ کا بھی بھر پور بندو بست رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بھی دفتروں، بازاروں، گاڑیوں، پارکوں وغیرہ میں فیس ماسک لگائے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی پیر کے روز بازار کھل گئے اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری رہی۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ درج ہو رہا ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ کورونا کی اس لہر کا موثر اور بھر طریقے سے مقابلہ کر رہی ہے اور اس لہر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مختلف النوع اقدام کئے جا رہے ہیں۔