سری نگر// ٹول پوسٹ قاضی گنڈ میں پچھلے دو دنوں کے دوران 900 افراد جن میں کئی غیر مقامی سیاح بھی شامل ہیں کے ٹیسٹ کئے گئے جس دوران 2 کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔ٹول پوسٹ پر تعینات محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پیر کے روز قریباً پانچ سو افراد جن میں متعدد سیاح بھی شامل تھے کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے تاہم کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی۔اُن کے مطابق منگل کی صبح سے چار بجے تک ٹول پوسٹ پر چار سو افراد کے رپیڈ ٹیسٹ کئے گئے جس دوران 2 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ جموں سے سری نگر کی طرف جانے والی سبھی گاڑیوں جن میں ٹورسٹ بھی شامل ہیں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر مسافر وں کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاحوں کے بھی نمونے جانچ کی خاطر لیبارٹری بھیجے جارہے ہیں۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ کورونا وائرس کے یومیہ معاملات میں اُچھال کے بعد ڈلوچھ قاضی گنڈ میں ٹول پوسٹ کے نزدیک محکمہ صحت نے کیمپ لگایا گیا جہاں پر مسافروں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔بتادیں کہ کورونا کے یومیہ کیسز میں اضافے کے بیچ جموں وکشمیر انتظامیہ نے وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر قاضی گنڈ ٹول پوسٹ کے نزدیک محکمہ صحت کو کیمپ لگانے کے احکامات صادر کئے تاکہ اس شاہراہ پر سفر کرنے والے سبھی مسافروں اور سیاحوں کو ٹیسٹ کے بعد ہی سری نگر جانے کی اجازت دی جاسکے۔