جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج ڈائریکٹوریٹ سکل ڈیولپمنٹ جموں کا اِنتظامی معائینہ کیا۔ڈاکٹر سامون نے دفترکی منظور شدہ تعداد، اَفسران و ملازمین کی کارکردگی ، اِی۔ آفس کے ذریعے خط و کتابت کو نمٹانے ، قانونی چارہ جوئی ، بجٹ کی فراہمی کے مطابق مختلف عنوانات کے تحت اخراجات ، مختلف شعبوں میں ریکارڈ کی بحالی اور متعلقہ اَمور کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ڈائریکٹوریٹ میں کام کرنے والے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور سکین فائلوں اور فرنیچر کو علاحدہ کمروں میں رکھنے ، کانفرنس ہال میں مطلوبہ لاجسٹکس کی تنصیب اور ناکارہ اشیاء کی نیلامی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔پرنسپل سیکرٹری نے عملے ساتھ بات چیت کے دوران گورنمنٹ پولی تکنیک سمیت ڈائریکٹوریٹ آف سکل ڈیولپمنٹ کے ماتحت اِداروں میں فیکلٹی کی کمی کا نوٹس لیا ۔ اِس سلسلے میں اُنہوں نے ایک تعلیمی مرکز شروع کرنے کا مشورہ دیا جہاں مختلف ٹریڈس ماہرین دستیابی کے مطابق فیلڈ اِنسٹی چیوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹرینیز کی اِی۔ کلاسز لے سکتے ہیں جن میں تربیتی عملے کی کمی ہے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آئی ٹی آئی کے لئے اِنسٹی چیوٹ مینجمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کے لئے تجویز پیش کرنے کی ہدایت دی جہاں ایسی کوئی کمیٹیاں موجود نہیں ہیں۔اُنہوں نے مختلف تجارتوں اور سیکٹروں کے آئی ٹی آئی پاس آئوٹ سے تشکیل دئیے گئے سیلف ہیلپ گروپوں کی حوصلہ اَفزائی کی بھی ہدایت دی۔بعد میں ڈاکٹر اَصغر سامون نے گورنمنٹ پولی تکنیک جموں میں سینٹر فار انو یشن ،انوویشن ، انکیوبیشن اینڈ ٹریننگ کا دورہ کیا اور ٹرینیز کے ساتھ ایک استفساری سیشن منعقد کیا ۔ اُنہوں نے سینٹر میں ٹاٹاٹیکنالوجیوں کی طرف سے نصب تمام مشینری کے آلات کا مظاہرہ بھی دیکھا۔پرنسپل سیکرٹری نے جے کے بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ آف سکل ڈیولپمنٹ جموں کے دفاتر کا بھی معائینہ کیا اور عمارتوں کی مرمت ، تزئین و آرائش اور فیس لفٹنگ کے حوالے سے متعلقہ اَفراد کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔