جموں// جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کے نزدیک دوران شب فائرنگ کے ایک واقعے میں انتہائی مطلوب گینگسٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جبکہ اس واقعے میں ایک پولیس سب انسپکٹر بھی زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس شوٹ آئوٹ میں ایک سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) بھی زخمی ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے پولیس کی ایک ٹیم نے کٹھوعہ میں مطلوب گینگسٹر واسو دیو کا تعاقب کیا، جو رام گڑھ پولیس اسٹیشن میں درج ایک قتل کے کیس میں ایک اہم ملزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران منگل کی رات قریب ساڑھے دس بجے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے نزدیک طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں واسو دیو ہلاک ہوگیا جبکہ 32 سالہ پولیس سب انسپکٹر دیپک شرما اور 40 سالہ ایس پی او انیل کمار زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں پولیس اسٹیشن رام گڑھ میں تعینات تھے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی پولیس افسر کو پہلے جی ایم سی ہسپتال کٹھوعہ منتقل کیا گیا جہاں سے ان کو امن دیپ ہسپتال پٹھان کوٹ ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔سب انسپکٹر دیپک شرما کا تعلق ضلع اودھم پور کے سنگور علاقے سے تھا۔دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کو شاندار خراج عقیدت کرتے ہوئے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہامیں پولیس سب انسپکٹر دیپک شرما کی بہادری اور غیر متزلزل حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے کٹھوعہ میں انتہائی مطلوب گینگسٹر کا مقابلہ کرکے اس کو ختم کرنے کے دوران عظیم قربانی پیش کی۔انہوں نے کہادیپک کی قربانی ہمارے دل و دماغ پر ہمیشہ چھائی رہے گی اور میں شہید دیپک شرما کے اہلخانہ کی خدمت تعزیت پیش کرتا ہوں۔