جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پارلیمانی امور کی کمیٹی نے ہفتہ کو وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو ادھم پور پارلیمانی حلقے اور جموں سے جگل کشور کو میدان میں اتارنے کا اعلان کیا۔بھارتیہ جنتاپارٹی نے ہفتے کو لوک سبھا انتخابات کے لئے 195امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ۔پارٹی کی سینٹرل الیکشن کمیٹی نے 16ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 195سیٹوں کے امیدواروں کااعلان کردیا ہے۔پہلی فہرست میں جموں وکشمیر سے موجودہ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو ادھم پوراور جگل کشور کو جموں پارلیمانی حلقے سے بطور امیدوار نامزد کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی مزید تین پارلیمانی نشستوں کے امیدواروں کو نامزد کرنے کی خاطر سینٹرل الیکشن کمیٹی کی جانب سے کئی ناموں پر غوروغوض ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اننت ناگ راجوری پونچھ پارلیمانی حلقے سے رویندر رینا اور سری نگر ، بڈگام اور گاندربل سے ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے ناموں پر سنجیدگی کے ساتھ غور ہو رہا ہے۔