جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ یونین ٹریٹری میں نوجوان کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے لئے جدید کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اسپورٹس میں بھی کامیابی کی نئی کہانیاں رقم کر رہے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا: ‘اختراع و جدت میں اعلیٰ مہارت حاصل کرنے کے علاوہ ہمارے نوجوان اسپورٹس میں بھی کامیابی کی نئی کہانیاں رقم کر رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ تیر انداز شیتل دیوی اور راکیش کمار نے اپنی لگن اور حوصلے سے کھیل کی تاریخ کو تبدیل کر دیا ہے اور ان کی کامیابیوں نے نئی بلندیوں کے حصول کے لئے پوری نسل کو ترغیب دی ہے’۔
منوج سنہا نے کہا کہ سال گذشتہ زائد از 65 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کے مختلف شعبوں میں شرکت کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کیں نوجوان کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے لئے جدید سپورٹس ڈھانچے کو تیار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت قوی سطح کے چار ایونٹس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں ملک بھر کی 122 ٹیموں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تین دہائیوں کے بعد یہاں بین الاقوامی سطح کے ٹورنامنٹوں کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے کہا: ‘نگروٹہ میں تمام سہولیات سے آراستہ اسپورٹس ولیج تیار کیا جا رہا ہے اور یونین ٹریٹری کے تمام 60 اسٹیڈیموں میں رات کے میچوں کے لئے تمام سہولیات و وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری کے تمام 20 اضلاع میں 93 کھیلو انڈیا سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔