نئی دہلی// مرکزی حکومت نے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) اسکیم کے تحت صارفین کے ڈپازٹ پر سال 2022-23 کے لیے 8.15 فیصد شرح سود کو منظوری دی ہے وزارت محنت کے تحت کام کرنے والے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کی طرف سے پیر کو جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ فنڈ منیجر، ای پی ایف او نے اپنے علاقائی دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ منظور شدہ سود کی شرح کو اراکین کے کھاتوں میں جمع کریں۔ای پی ایف او نے آج زونل اور علاقائی دفاتر کو جاری ایک سرکلر میں کہا، ’’محنت اور روزگار کی وزارت نے مطلع کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے ایمپلائیز پرویڈنٹ فنڈ اسکیم، 1952 کے پیرا 60 (1) کے تحت ای پی سی اسکیم، 1962 کے پیرا 60 کے التزامات کے مطابق ای پی ایف اسکیم کے ہر رکن کے اکاؤنٹ میں مالی سال 2022-23 کے لیے 8.15 فیصد کی شرح سے سود جمع کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔مرکزی وزیر محنت بھوپیندر یادو کی سربراہی میں ای پی ایف کے سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز (سی بی ٹی) نے اپریل-مارچ 2022-23 کے لیے منظم شعبے میں کام کرنے والے ای پی ایف صارفین کے کھاتوں میں ای پی ایف جمع کھاتوں پر 8.15 فیصد سالانہ شرح سود جمع کرنے کی سفارش کی تھی۔قابل ذکر ہے کہ ای پی ایف او وزارت محنت کے انتظامی کنٹرول میں کام کرتا ہے لیکن ای پی ایف کے تقریباً چھ کروڑ صارفین کو سود جاری کرنے سے پہلے اسے وزارت خزانہ کی منظوری لینی پڑتی ہے۔