سری نگر//
آثار شریف درگاہ حضرت بل میں چند نوجوانوں کی جانب سے غیر اخلاقی ویڈیوشوٹ کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈکرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وقف بورڈ کی چیئر پرسن نے کہاکہ ملوث نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ڈیوٹی کے دوران غفلت کا مظاہرہ کرنے والے وقف ملازمین کے خلاف بھی تادیبی کارروائی ہوگی۔ یو پی آئی کے مطابق جمعے کے روز سوشل میڈیا پر آثار شریف درگاہ حضرت بل میں چند نوجوانوں اور دوشیزائوں کی جانب سے ایک غیر شائستہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے ساتھ ہی لوگوں نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وقف بورڈ کی چیئرمین ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہاکہ مذہبی مقام پر بے ہودہ ویڈیو شوٹ کرنا ناقابل برداشت ہے اور جس نے بھی لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقف بورڈ نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ مذہبی مقامات پر ویڈیو شوٹ کرنے سے قبل وقف بورڈ سے پیشگی اجازت لازمی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ نوجوانوں نے حکم عدولی کی اور لوگوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچائی لہذا اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اُن کے مطابق آثار شریف درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف بورڈ کے ملازمین نے ڈیوٹی کے دوران غفلت کا مظاہرہ کیا لہذا اُن کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے بے ہودہ حرکات میں ملوث افراد کے خلاف پولیس یا وقف بورڈ کو مطلع کریں تاکہ اُنہیں اس طرح کے ویڈیو شوٹ کرنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کے جذبات وا حساسات کو ٹھیس پہنچانے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعہ کو پولیس حکام کو ان نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا جنہوں نے درگاہ حضرت بل لان میں فحش ویڈیو شوٹ کرکے اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ہے۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ویڈیو نے عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور مزید کہا، ہم اپنے روحانی مزارات پر اس طرح کی فحاشی برداشت نہیں کر سکتے”۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے پہلے ہی مزار کے احاطے میں کسی بھی شوٹنگ کے لیے پیشگی اجازت کے احکامات جاری کیے ہیں اور یہ سستا ویڈیو شوٹ ہدایت کی خلاف ورزی ہے اور لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہا ہے۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا، "اس طرح کی غلط حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ڈیوٹی پر موجود وقف کے عملے کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسی شرارتی حرکتوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا وقف عملہ کو دیں تاکہ ایسے عناصر کو سستی ویڈیوز بنانے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہہم کسی بھی صورت میں ایسے عناصر کو عوام کے اجتماعی جذبات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔