سری نگر//جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس نے موجودہ عوام دشمن حکومت کی طرف سے ولیج ڈیفنس گارڈ کو لاگو کرنے کے احکامات پر شدید برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید عوامی مخالفت کے باوجود بھی حکومت کی طرف سے ایسے اقدامات کرنا جموں وکشمیر میں تاناشاہی حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔ پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار حکومتی اقدام شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ اقدام کرکے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں اور نوبت یہاں تک آن پڑی ہے کہ اب حکومت کو ولیج ڈیفنس گروپس (VDGs)کا قیام عمل میں لانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وی ڈی سی کی وجہ سے ماضی میں بہت سارے بے گناہوں کی جانیں گئیں اور یہی وجہ ہے کہ اسے تحلیل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بیشتر معاملات ایسے سامنے آئے ہیں جن میں وی ڈی سی ممبران نے ذاتی معاملات حل کرنے کیلئے ہتھیاروں کا استعمال کردیا ، جن میں بہت ساری انسانی جانوں کا زیاں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ وی ڈی جی ممبران کی طر فسے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری براہ راست اسے بنانے والوں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وی ڈی سی ممبران نے ماضی میں بندوقوں کا ناجائزہ استعمال کیا ہے۔ ماضی میں ان کا رول انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا ہے اور اس کے پس منظر میں حکومت کو ایسے کسی بھی اقدام سے اجتناب کرنا چاہئے تھا۔ عمران نبی ڈار نے کہا کہ اگر مرکزی اور مقامی حکومت کے مطابق جموں و کشمیر میں امن و امان کی فضاء ہے تو پھر چپے چپے پر فوج اور فورسز کی تعیناتی کیوں ہے اور ولیج ڈیفنس گارڈوں کے قیام کی نوبت کیوں آن پڑی ہے؟