نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں فوج کو دیسی ساخت کے جدید ترین دفاعی ساز و سامان اور ہتھیاروں کا نظام سونپا۔اس موقع پر مسٹرسنگھ کو جدید ترین ہتھیاروں، آلات اور مستقبل کے پیدل فوجیوں کی ضروریات سے متعلق نظام کے بارے میں بھی بتایا گیا۔وزیر دفاع نے جدید ترین بارودی سرنگیں، خودکار مواصلاتی نظام، لانگ رینج دیکھنے کے جدید نظام اور جدید تھرمل امیجرز فوج کے حوالے کیے۔ اس کے علاوہ فوج کو بکتر بند گاڑیاں اور حملہ آور کشتیاں بھی دی گئیں تاکہ فوجی سرحدوں پر پیدا ہونے والے کسی بھی چیلنج کا منہ توڑ جواب دے سکیں۔ یہ سازوسامان اور ہتھیاروں کے نظام کو فوج، پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور صنعت نے خود انحصار ہندوستان مہم کے تحت بنایا ہے۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ ان آلات اور ہتھیاروں کے نظام سے لیس ہونے کے بعد فوج کی آپریشنل تیاری میں اضافہ ہوگا اور اس کی کارکردگی اور فائر پاور میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرائیویٹ سیکٹر اور پبلک سیکٹر کے اشتراک سے دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب تیزی سے پیش رفت کی ایک مثال ہے۔وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ بدلے ہوئے حالات میں مسلح افواج کے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد لی جانی چاہئے تاکہ مسلح افواج کم وقت میں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔