سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ ضلع کپوارہ شمالی کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے قلعے کی حیثیت رکھتا آیا ہے اور پارٹی میں اس ضلع کے اہمیت اور افادیت کو قائم و دائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع کپوارہ سے آئے ہوئے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ افراد سے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ لوگ اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں اور کشمیری قوم کو ہر سطح پر مظلوم اور محکموم بنا دیا گیا ہے اور عوام کی کہیں پر بھی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ ایسے میں ہم پر اور زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم لوگوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ رہیں اور ان کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اْجاگر کریں تاکہ ان کا ازالہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ تمام لیڈران اور عہدیداران ہر وقت عوامی مسائل و مشکلات اور مطالبات کو اْجاگر کرنے میں مصروف رہتے ہیں لیکن زمینی سطح پر بھی اس کام میں سرعت آنی چاہئے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ضلع کپوارہ نیشنل کانفرنس کا قلعہ رہا ہے اور اس ضلع سے وابستہ پارٹی لیڈران نے زرعی اصلاحات، مفت تعلیم، مفت طبی سہولیات اور تعمیر و ترقی میں کلیدی رول ادا کیا ہے اور قلع کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ضلع سے وابستہ لیڈران ، عہدیداران خصوصاً ورکروں کی ذمہ داری بنتی ہے اور انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں اس نشست پر کامیابی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے پارٹی لیڈران کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی ورکروں کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں اور گھر گھر جاکر نیشنل کانفرنس کے ایجنڈا، جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے جاری نیشنل کانفرنس کی قانونی اور جمہوری جدوجہد اور دیگر امورات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔