سری نگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کرانے کی جانب ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا کام شروع کر دیا ہے اور نظرثانی فہرستوں کامسودہ 31 اگست تک تیار کیاجائے گا۔ میڈیا رپورٹس میںذرائع کے حوالے سے بدھ کو بتایا گیاکہ الیکشن کمیشن نے حد بندی کی مشق کے بعد جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا کام شروع کر دیا ہے اور نظرثانی فہرستوں کامسودہ 31 اگست تک تیار کیاجائے گا۔رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے نے نئی دہلی میں انتخابی فہرستوں پر نظرثانیکے کام کاجائزہ لیا اور جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ دوبارہ بنائے گئے اسمبلی حلقوں کا نقشہ تیار کریں۔اسمبلی حلقوںکی نئی حدبندی اور7نئے حلقوں کومعرض وجودمیں لانے کے بعدمرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ اسمبلی حلقوں کی از سر نو ترتیب کے سبب سخت اور وقتی پابندی سے قبل از سر نو سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے کام کیلئے عہدیداروں کی تقرری کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ حد بندی کے بعد پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ سیریلائزیشن، میپنگ اور نام تبدیل کرنے کا کام30 جون تک کیا جائے گا، اس کے علاوہ ان دیہاتوں کے پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی جن کے لیے نئے بوتھ بنانے کی ضرورت ہے۔حد بندی کے بعد، پہلے کے کچھ پولنگ سٹیشن ایک سے زیادہ نئے حلقوں کے تحت آ سکتے ہیں یا مکمل طور پر کسی دوسرے حلقے میں منتقل ہو سکتے ہیں۔اس کے مطابق پولنگ ا سٹیشنوں کی میپنگ یانشاندہی کی جائے گی۔بوتھ لیول افسران کی تقرری اور ان کی مناسب تربیت 5 جولائی تک کی جائے گی۔پولنگ بوتھوں کی تصدیق اورمعقولیت ،25 جولائی تک مکمل کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق آخر میں، ڈرافٹ رولز کو 31 اگست تک تیار کرنے کی ضرورت ہے۔نظر ثانی کی مشق کے دوران شہریوں کو انتخابی فہرستوں میں ان کی تفصیلات درج کرنے، حذف کرنے اور تبدیل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔