سرینگر//سالانہ امر ناتھ یاتراکو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر پولیس چیف نے منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پی سی آر کشمیر میں سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے سیکورٹی انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔اس میٹنگ میں پولیس، سیول انتظامیہ اور دوسری سیکورٹی ایجنسیوں کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔انہوں نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ بیس کیمپوں پر تمام ممکنہ حفاظتی انتظامات کرنے اور مواصلاتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے میٹنگ کے دوران قوامی شاہراہ اور دیگر شاہراوں پر ٹریفک مینجمنٹ کے موثر اور منصوبہ بند ضابطے، گاڑیوں کی پارکنگ اور پہلگام و بالہ تل کے دونوں یاترا راستوں پر فورسز کی تعیناتی پر زور دیا۔ڈی جی پی نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ یاترا کے اہم مقامات پر سیکورٹی کو مزید بڑھانے کے لئے سی سی ٹی وی ، ڈرون سمیت جدید حفاظتی آلات / ٹیکنالوجی کا مناسب استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ حساس مقامات اور بیس کیمپوں بشمول پارکنگ مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔پولیس سربراہ نے ’’کوئیک رسپانس ‘‘ ٹیموں کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی تاکہ ضرورت پڑنے پر یاتریوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے۔پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران فوج، سی آر پی ایف ، پولیس اور سیول انتظامیہ کے درمیانی قریبی تال میل کے ساتھ ساتھ رابط کاری کے طریقہ کار اور مواصلاتی نظام پر بھی زور دیا ہے۔ڈی جی پی نے کہاکہ بہتر نتائج کے لئے قریبی تال میل ضروری ہے ، انہوں نے یاترا کے پْر امن انعقاد کے لئے موثر طریقہ کار اور منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت دی۔پولیس سربراہ نے آفیسران کو احکامات جاری کئے کہ امر ناتھ یاتریوں کے لئے سیکورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کا باقاعدگی کے ساتھ معائنہ کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی جی پی نے کہاکہ ہائی وے سیکورٹی گرڈ کو ہر سطح پر مکمل طور پر تیار رکھا جانا چاہئے۔میٹنگ کے دوران پولیس چیف نے سری نگر جموں شاہراہ پر کئے جانے والے اضافی حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ امر ناتھ یاترا کے دوران تعینات کئے گئے آفیسران کو کافی افرادی قوت دستیاب رکھی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یاتریوں کو یاترا کے دوران کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے ہیلپ لائن نمبر ات کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ فوری طورپر اس پر رابط قائم کرسکے۔دلباغ سنگھ نے پولیس ، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔میٹنگ میں پولیس ، سی آر پی ایف ، فوج ، سی آئی ایس ایف اور سیول انتظامیہ سے وابستہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔