سرینگر / /عسکری سرگرمیوں میں تیزی کے بیچ جنوبی ضلع شوپیان کے چوٹہ گام حرمین علاقے میں نا معلوم مسلح بندوق بردارو ں نے ایک شہری پر گولیاں چلاکر اسکو زخمی کر دیا ۔ شوپیان کے چوٹہ گام حرمین علاقے میں سوموار کی شام اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب نا معلوم مسلح بندوق برداروں نے ایک کشمیر پنڈت جس کی شناخت سونو کمار بالاجی کے بطور ہوئی پر نزدیک سے گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمی شہری کو علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کر دیا گیا ، ادھر واقعہ کے فورا بعد پولیس و سکورٹی فورسز اہلکاروں نے جائے واردات پر پہنچ کر پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملی ٹنٹوں نے شام دیر گئے چوٹہ گام حرمین علاقے میں ایک شہری پر گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا ۔ انہو ں نے بتایا کہ علاقے کا محاصرہ جاری ہے اور حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔