سری نگر//کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی کے دوران درج ایف آئی آر کو دوبارہ کھولنے کی قیاس آرائیوں کے بیچ جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ انتظامیہ بے گھر کشمیری پنڈتوں کو واپس لانے کے لئے پرعزم ہے۔منوج سنہا نے بتایا کہ پنڈت برادری کے بے گھر افراد کی واپسی کے لئے6000 سے زیادہ گھر بنائے جانے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ،کشمیری پنڈتوںکی بھلائی کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات کرے گی۔ جموں وکشمیر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایک نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیری پنڈتوں کی واپسی کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنڈت برادری کے بے گھر افراد رہائش گاہوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ6ہزار سے زیادہ مکانات اور ٹرانزٹ رہائش گاہوں کی منظوری دی گئی تھی لیکن اس پر عمل نہیں ہو سکا۔انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اب ہم منظورشدہ مکانات اور ٹرانزٹ رہائش گاہوںکی تعمیرکا کام کر رہے ہیں۔منوج سنہانے کہاکہ بے گھر کنبوں و لوگوں کیلئے رہائشی فلیٹ بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی فلیٹ منتقلی کیلئے کافی نہیں تھے لیکن ساتھ ہی واضح کیا کہ یہ کارروائی ایک شروعات تھی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے نجی نیوز چینل کوبتایا کہ میں نہیں مانتا کہ یہ کافی ہے لیکن ہمیں ایکشن لینے دو۔ پچھلے ہفتے کے شروع میں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کے دوران کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ 2015 میں، مرکزی حکومت نے کشمیری پنڈتوں کو وادی میں منتقل کرنے کیلئے گھروں کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ تاہم، مرکزی وزارت داخلہ کے مطابق، آج تک مجوزہ رہائش کا صرف 17 فیصد مکمل ہوا ہے۔