جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموں شہر کا ایک تفصیلی دورہ کیا تاکہ یہاں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لیا جاسکے۔ چیف سیکرٹری نے اَپنے دورے کا آغاز یہاں پنج تیرتھی میں ریمپ پر مبنی کثیر السطح کار پارکنگ پروجیکٹ سے کیا۔اِس موقعہ پر متعلقہ اَفسران نے انہیں جانکاری دی کہ 30 کروڑ روپے کی ملٹی ٹائر پارکنگ سہولیت میں چار سطح کی پارکنگ ہوگی ۔ اِس کے علاوہ دو تہہ خانے ، گرائونڈ اور ٹیرس تقریباً 250 گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مختص ہوں گے جن میں 33 فیصد ایس یو ویز اور 136 دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیں اور پارکنگ کی سہولیت جون 2022ء تک مکمل ہوجائے گی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ دی گئی ٹائم لائن کے اَندر پروجیکٹ کے آپریشنلائزیشن کو یقینی بنائیں تاکہ اِس سہولیت کو لوگوں کے لئے وقف کیا جائے اور آس پاس کے بازاروں کی سڑکوں کو سڑک کے کنارے پارکنگ سے دور کیا جاسکے۔ اُنہوں نے تاریخی مبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں تاریخی مقامی کی بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ہیرٹیج کمپلیکس کا دورہ کیا اور مختلف ڈھانچوں کا معائینہ کیا جہاں پر بحالی کے کام کئے گئے ہیں اور کام کی رفتار اور پروجیکٹ کی ٹائم لائنز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ خوبصورتی کے لئے تمام ہیرٹیج کمپلیکس کے اَطراف کی لینڈ سکیپنگ اور جمالیاتی ماحول کے بارے میں بھی منصوبہ بندی کریں۔چیف سیکرٹری نے جنرل بس سٹینڈ جموں میں ملٹی ٹائر پارکنگ پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں دُکانوں کے لئے پارکنگ سلاٹ کمرشل جگہوں جیسے ریستوران ، شوروم وغیرہ پر مشتمل سہولیت کی تمام منزلوں کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر متعدد دکانداروں اور ٹرانسپورٹروں نے بھی چیف سیکرٹری سے بات چیت کی اور اُنہیں مختلف مسائل گوش گزار کئے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اِس کے بعد گونتھ بازار کا دورہ کیا اور بازار کی خوبصورتی کے لئے اُٹھائے جانے والے مختلف پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔بعد میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے باہو فورٹ میں روپ وے پروجیکٹ کا بھی دورہ کر کے اِس سہولیت کا تفصیلی معائینہ کیا۔اُنہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اِس سہولیت کو چلاتے ہوئے اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات اور پیشہ وارانہ مہارت کو برقرار رکھیں۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا ، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیو ورما، کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر شیخ فیاض ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر ، وائس چیئر میں جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر جموں اونی لواسا اور دیگر متعلقہ اَفسران اور اہلکار موجود تھے۔